• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر آصف علی زرداری سیاست کی درس گاہ ہیں، شرجیل انعام میمن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری سیاست کی درس گاہ ہیں، انھوں نے مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا،سرکاری اعلامیہ کے مطابق شرجیل میمن نے صدر آصف علی زرداری کو 69ویں سالگرہ پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری اپنے کارکنوں کے ساتھ ساتھ سیاسی مخالفین کے لیے بھی سیاست کی درس گاہ ہیں، پاکستان کی سیاسی تاریخ میں آصف علی زرداری کا نام عظیم سیاست دانوں میں سرفہرست رہے گا، آصف علی زرداری کا شمار تاریخ میں ان رہنماوں میں کیا جائے گا ، جن کی سیاسی روایات مدتوں رائج رہیں گی ، جو کچھ آصف علی زرداری نے پاکستان اور عوام کے لیے کیا ، وہ ان کے بلند تر سیاسی شعور کا مظہر ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے کبھی ریاستی اداروں سے ٹکراؤکی پالیسی پر عمل نہیں کیا ، ملک کو انتشار میں نہیں دھکیلا، شہید بھٹو، شہید بی بی کے ویژن اور صدر آصف علی زرداری کی کاوشوں سے آج پیپلز پارٹی نہ صرف پاکستان کے عوام کے اتحاد بلکہ ملکی یکجہتی کا ایک ادارہ ہے، صدر آصف علی زرداری کو سیاسی شعور ورثہ میں ملا ، جسے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ کی وجہ سے جلا ملی۔
اہم خبریں سے مزید