• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی میں جماعت اسلامی کا دھرنا جاری، حکومت سے مذاکرات کا دوسرا دور نہ ہوسکا

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی کا شدید بارش کے با وجود مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف دھرنا چوتھے روز بھی جاری ،حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور شروع نہ ہو سکا،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مطالبات منظوری میں ٹال مٹول کی گئی تو بلوں کے بائیکاٹ کا اعلان ،قومی مزاحمتی تحریک کا آغاز کرینگے ، حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور گزشتہ روز کمشنر آفس میں ہوا تھا تاہم اب تک مذاکرات کا دوسرا دور شروع نہ ہو سکا، ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی ٹیم نے دوسرا دور آج ہونے کی یقین دہانی کروا رکھی تھی،ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی مذاکرتی ٹیم نے مذاکرات میں ٹیکنیکل کمیٹی کو شامل کرنے کا عندیہ دیا ہے،ادھر حافظ نعیم الر حمنٰ نے پر یس کا نفرنس میں کہا کہ پنجاب کی حدود میں ہماری خواتین کو روکا گیا ہے ،حکومت نے ہماری خواتین کو روک کر لاہور میں خود دھرنے کا موقع دیا ،آئی پی پیز کے معاہدے ناجائز ہیں، ان کو واپس کیاجائے ،نقصان والے معاہدے ختم کئے جائیں ،حکومتی مراعات کم کی جائیں ،ہماری کسی سے لڑائی نہیں، ہمارے مطالبات منظور کئے جائیں ہم دھرنا ختم کرکے چلے جائیں گے، علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی نے دھرنا کے مقام پر خواتین کے تاریخی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ بجلی کے بم نہیں بل چاہییں، حکومت آج مان لے یا کل، کمپرومائز نہیں ہو گا، ہم نے مطالبات حکومت کو پیش کردئیے ، منظوری میں ٹال مٹول کی گئی تو اگست میں آنے والے بلوں کے بائیکاٹ کا اعلان بھی زیرغور ہے، تاجروں اور دیگر طبقات سے مشاورت کروں گا، عوام کو حق دینا پڑے گا، دھرنا راولپنڈی میں بھی جاری رہے گا، گورنر ہاؤسز کے باہر بھی احتجاج شروع کر رہے ہیں، 31جولائی سے گورنر ہاؤس سندھ کے باہر دھرنے کا آغاز ہو جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید