اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) 54 ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ (IPHO 2024) 21تا 28جولائی تک اصفہان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (آئی یو ٹی) اصفہان ایران میں انعقاد پذیر ہوئے۔ بین الاقوامی مقابلوں کے اختتام پر چین کے طلباء 5گولڈ میڈل جیت کر پہلے نمبر پر رہے۔ روسی ٹیم نے 4گولڈ میڈل‘ ایک سلور میڈل جیتا اور دوسرے نمبر پر رہی۔ رومانیہ 3گولڈ میڈل اور 2سلور میڈل کے ساتھ تیسری پوزیشن پر جبکہ ایران ایک گولڈ میڈل اور چار سلور میڈلز کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر پہلی مرتبہ پہنچ گیا۔ یہ انفرادی اور گروپ ڈویژن تھے۔ ایرانی سٹوڈنٹس کی ٹیم چوتھے سپاٹ پر آئی جبکہ آئی پی ایچ او کے پچھلے ایڈیشن میں ایرانی طلباء کی پوزیشن 17ویں تھی۔ پاکستان نے بین الاقوامی فزکس اولمپیاڈ 2024ء میں کانسی کے 3تمغے حاصل کئے۔ نکسور کالج کراچی کے طلحہ اشرف‘ لاہور گرائمر سکول سینئر بوائز کیمپس جوہر ٹائون لاہور کے حذیفہ التمش‘ سائنس سکول ایچ نائن ون اسلام آباد کے محمد سلمان تارڑ نے کانسی کے تمغے جیتے جبکہ صدیق پبلک سکول اینڈ کالج راولپنڈی کے محمد سعد بلال نے پاکستان کیلئے آنرایبل مینشن حاصل کیا۔