کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ کی گرتی ساکھ کو بچانے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ماضی کے عظیم فاسٹ بولروقار یونس کوچیئرمین پی سی بی کا ایڈوائزربرائے کرکٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وہ پی سی بی میں تمام کرکٹ کےمعاملات کے نگراں ہوں گے۔انگلینڈ میں رابرٹ کی سے متاثر ہوکر پی سی بی نے نئی پوسٹ تخلیق کی ہے جبکہ چیئرمین کرکٹ معاملات سے الگ ہوکر صرف ایڈمنسٹریشن پر توجہ دیں گے۔حالیہ سالوں میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد پی سی بی نے یہ قدم اٹھایا ہے۔چیئرمین محسن نقوی انتظامی معاملات میں انفرااسٹرکچر،گورنس اور کمرشل معاہدوں پر توجہ مرکوز کریں گے۔پی سی بی ان کا عہدہ مشتہرکرکے اگست میں انٹر نیشنل سیزن سے قبل باضابطہ ان کی تقرری کرے گا۔اس سے قبل سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر ذاکر خان ڈائریکٹر انٹر نیشنل کرکٹ تھے۔وقار یونس کے ایڈوائزر بننے کے بعد موجودہ ڈائریکٹر انٹر نیشنل کرکٹ عثمان واہلہ براہ راست وقار یونس کو رپورٹ کریں گے اور وقار یونس چیئرمین کو رپورٹ کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وقار یونس کی تقرری کرکے ایک بڑے کرکٹر کوبراہ راست پروفیشنل معاملات سونپے جارہے ہیں جوکرکٹ کے حوالے سے تمام فیصلوں کا ذمہ دار ہو گا جو شعبہ انٹرنیشنل، ڈومیسٹک، سلیکشن کمیٹی کے امور، کھلاڑیوں کے این او سی،کیو ریٹرزاور ڈومیسٹک کرکٹ سمیت تمام فیصلے کرے گا ۔چیمپئنز ٹرافی کے انتظامی امور پر چیئرمین محسن نقوی کا اولین فوکس ہے۔پی سی بی آئین 2014 کے مطابق چیئرمین اپنی پاور کسی کو سونپنے کا اختیار رکھتے ہیں۔وقار یونس قومی ٹیم سے متعلقہ تمام امور کے نگران ہوں گے، وہ نیشنل سلیکشن کمیٹی وائٹ بال اور ریڈ بال کوچز کو دیکھیں گے۔