• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ کو مضر صحت گوشت سپلائی کی کوشش ناکام

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ شہر کو مضر صحت گوشت سپلائی کی ایک اور بڑی کوشش ناکام بنادی ۔ خانوزئی ہائی وے پر خفیہ اطلاع پر اتھارٹی کی آپریشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملتان سے آنے والی ایک مال بردار گاڑی سے لاکھوں روپے مالیت کا مضر صحت مرغی کا گوشت برآمد کرلیا ۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق اطلاع ملنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں آپریشن ٹیم نے ناکہ لگا کر چیکنگ کے دوران ایک مال بردار گاڑی سے 2400 کلو غیر صحت بخش گوشت پکڑا ۔ ٹرک میں موجود چکن میٹ کے سیمپل لے کر لیبارٹری ٹیسٹ کئے گئے ، لیبارٹری رپورٹ کے مطابق پکڑا گیا لاکھوں مالیت کا گوشت انسانی استعمال کے لئے مضر صحت پایا گیا ۔ مزید برآں بی ایف اے ٹیم کی نگرانی میں ناقص و غیر صحت بخش گوشت کی بڑی مقدار کو شہر سے باہر محفوظ مقام پر تلف کردیا گیا ۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے عتیق اللہ خان کی ہدایت پر ناقص گوشت کی سپلائی میں ملوث عناصر کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی جن کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ غیر معیاری گوشت سمیت ناقص خوراک کی فراہمی و سپلائی کے تدارک کے لئے اتھارٹی 24 گھنٹے متحرک ہے۔خوراک کے نام پر بیماریاں پھیلانے والوں کو کاروبار کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
کوئٹہ سے مزید