کراچی( افضل ندیم ڈوگر )خلیجی ممالک میں پاکستان اداروں یا سیاست دانوں کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی شروع کردی گئی، ایسے پاکستانیوں کی گرفتاریاں ہورہی ہیں، انہیں سزائیں دی جارہی ہیں یا زیادہ تر کو ملک بدری کا سامنا بھی کرنا ہے۔ اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی نے "جنگ" سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کو خبردار کیا کہ وہاں رہ کر وہ پاکستان، اس کے اداروں یا سیاستدانوں کے خلاف منفی پروپیگنڈا، غلط تاثر یا بوگس انفرمیشن پھیلانے سے گریز رکیں۔ انہوں نے بتایا کہ یو اے ای کے مکین یا وزٹ پر گئے پاکستانیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف منفی پروپگنڈا دیکھنے میں آیا جس پر ان میں سے بڑی تعداد میں گرفتار کیا گیا کئی کو 14 سے 15 سال کی سزائیں ہوئیں۔ 5 سے زائد پاکستانیوں کو عمر قید جیسی سزائیں ہوئیں اور بیشتر کو ملک سے بے دخل بھی کر دیا گیا اور ایسے پاکستانی تا حیات یو اے ای سمیت گلف ممالک کے ویزوں کے حصول میں ناکام رہیں گے اور وہ خلیجی ممالک نہیں جا سکیں۔ بخیت عتیق الرومیتی نے پاکستانیوں کو خبردار کیا کہ وہ متحدہ عرب امارات یا گلف ممالک میں رہتے ہوئے ہوشیار رہیں، کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں، سوشل میڈیا پر اپنے ملک یا اداروں کے خلاف کوئی منفی پروپیگنڈا نہ کریں اور کسی منفی پروپیگنڈے یا انفرمیشن کو اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس پر شیئر نہ کریں یا انہیں کہیں لائیک یا فارورڈ کرنے سے گریز کریں اگر ایسا کرتے ہیں تو ان کے خلاف قوانین کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای مقیم کوئی پاکستانی اگر فیس بک یا دیگر سوشل میڈیا اکاونٹ پر منفی پوسٹ کو شیئر کرتا ہے یا اسے لائک بھی کرتا ہے تو فوری طور پر ناصرف اس کا پیج بند کر دیا جائے گا بلکہ ہر ممکن کارروائی بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف، مذاہب، قومیتوں اور معاشروں سے تعلق رکھنے والے لگ بھگ 200 ملکوں کے شہری یو اے ای میں امن اور پیار سے رہتے ہیں۔