اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد)سابق وفاقی وزیر تجارت‘صنعت‘ پیداوار اور سرمایہ کاری ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں 40 آئی پی پیز کیخلاف پٹیشن تیار کر لی گئی ہے۔جتنی بجلی خریدیں اتنی ادائیگی کریں ‘ ایک روپیہ بھی زیادہ نہ دیں ریاست آئی پی پیز سے 30فیصد بجلی لیکر 70فیصد مفت میں ادائیگی نہ کرے وہ جمعرات کو آئی پی پیز کے بارے میں جنگ کے سوالوں کا جواب دے رہے تھے اُنہوں نے کہا کہ چین ہمارا آزمودہ‘ قابل اعتماد دوست ملک ہے۔ اس نے آئی پی پیز پراجیکٹ لگاتے وقت کیا یہ کہا تھا کہ چین کے آئی پی پیز پاور پلانٹس کو صرف 10فیصد کپیسٹی پر چلائیں؟ موجودہ سال پاکستانی قوم کو 14سو ارب سے 2ہزار ارب روپے کی اضافی ادائیگی کرنا ہوگی۔ اگر اضافی ادائیگیاں روک دی جائیں تو ملک بھر کے عوام کا بجلی کا بل 50فیصد کم ہو جائیگا۔ آئی پی پیز کو پاکستانی حکومتوں نے دوگنی قیمت پر لگایا۔