اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں،چینی شہریوں کو مفت ویزےکی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے جس پر 14 اگست سے عملدرآمد ہوگا،مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں،مشترکہ منصوبوں کے ذریعے چینی صنعت کی پاکستان منتقلی سودمند ثابت ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں12 رکنی اعلیٰ سطحی چینی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس نے وانگ فوکانگ کی قیادت میں وزیر اعظم سے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کے نتیجہ میں اعلیٰ سطح کے وفود پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، دونوں ملکوں میں صنعت، زراعت اور خصوصی اقتصادی زونز میں تعاون بڑھے گا، دونوں ملکوں میں کان کنی، معدنیات اور آئی ٹی میں بھی تعاون فروغ پائے گا،چینی وفد کے دورہ سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، ہم چین کی ترقی کے ماڈل پر اپنی معیشت کا فروغ چاہتے ہیں،ادھروزیراعظم شہباز شریف سے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کی زیر قیادت 5 رکنی وفد ملاقات کی ، وفد سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم اور فنی تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،کامن ویلتھ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کنسورشیم میں شمولیت سے پاکستان کے نوجوانوں کو تربیت کے مواقع میسر ہوں گے۔