کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسپورٹس بورڈ کے نئے ڈی جی یاسر پیرزادہ نےپاکستان اسپورٹس بورڈ میں شفافیت کے نظام کو موثر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پی ایس بی کے کسی بھی سینٹر اور پاکستان اسپورٹس بورڈ اسلام آباد میں خریداری کے عمل میں پیپرا رولز ، ای پیڈز کی پاسداری ، کھلی بولی اور مناسب دستاویزات کو لازمی قرار دیا گیا ہے، یہ جامع اصلاحاتی نظام انتظامی اور مالی بےضابطگیوں کے خاتمے کیلئے بنایا گیا ہے،جس کے مطابق تمام مالی ریکارڈز درست رکھنا ہوں گے جوجائزہ اور آڈٹ کےلئے فوری دستیاب ہوں ڈرافٹس کو منظور کرنے والے افسر کے دستخط لازم قرار دیئے گئے ہیں،مالی امور سے متعلق فائلوں کو پری آڈٹ کیلئے ڈائریکٹر فنانس کے ذریعے بھیجا جائے گا ، منصوبہ بندی اور ڈویلپمنٹ ونگ سےمتعلق فائلوں میں سرٹیفکیٹ لازمی ہو گا ۔ مالی امور سے متعلق فائلوں کو پری آڈٹ کیلئے ڈائریکٹر فنانس کے پاسب پیش کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ہاسٹلز اور رہائش گاہوں کا غیر ضروری استعمال بند کردیا گیا ہے۔احکامات کی خلاف ورزی پر ذمے داروں کی معطلی ، برطرفی سمیت فوری تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔