کراچی (اسد ابن حسن) ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے ڈپٹی ڈائریکٹروں کے تبادلوں اور تقرریوں کی منظوری دے دی ہے۔ اسلام آباد کے مختلف سرکلز میں تعینات تین ڈپٹی ڈائریکٹروں، سراج الدین پنہور، محمد ریاض اور حسن جہانگیر کو اسلام آباد کے ہی دوسرے سرکلز میں ٹرانسفر کر دیا گیا ہے۔ دو برس سے محکمہ جاتی کاروائی کا سامنا کرنے والے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد سرفراز چودھری کا پہلے اسلام آباد سے لاہور ٹرانسفر کیا گیا اور اب ان کو سائبر کرائم لاہور سرکل کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا ہے۔ محکمہ جاتی کاروائی کے بعد اسسٹنٹ ڈایریکٹر محمد اقبال کھوکر کو انسپیکٹر بنا دیا گیا تھا ان کا تبادلہ بطور انسپیکٹر کمرشل بینک سرکل کراچی کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محمد سرفراز چودھری کے خلاف جس کاؤنٹر ٹیررازم ونگ اسلام آباد میں انکوائری شروع ہوئی اور جو دو برس سے جاری ہے وہاں پر تعینات ایک اعلی افسر نے تصدیق کی کہ انکوائری ابھی بھی زیر التوا ہے۔