اسلام آباد (محمد صالح ظافر/ خصوصی تجزیہ نگار) پارلیمنٹ کے دونوں ایوان ہفتہ رواں کے اختتام پر غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی ہوجائیں گے اور آئندہ اجلاس جون میں ہوگا، جس میں اگلے سال کا مالی بجٹ پیش کیا جائے گا۔ جنگ/ دی نیوز کو حد درجہ قابل اعتماد ذرائع نے اتوار کی شام بتایا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ملتوی شدہ اجلاس آج (پیر) شام کو دوبارہ شروع ہوں گے، جن کے لئے ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ تاہم کسی بھی ایوان کی آئینی ترمیم کا مسودہ ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔ اس طرح ذرائع نے بتایا ہے کہ آئین کی 28ویں ترمیم کی تجویز جس کا زبردست شہرہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے رواں اجلاس میں لانے کا حکومت کا ارادہ نہیں رکھتی اور نہ ہی کوئی مسودہ متعلقہ وزرات یا محکمے کے زیر غور ہے۔