کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی و پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ گجرات کے قصاب مودی کا 5 اگست 2019ع کو کیا گیا اقدام گہنونی سازش ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں وہی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے جو اسرائیل فلسطین میں کرتا رہا ہے۔ یوم استحصال کشمیر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں وقار مہدی نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی شناخت، ثقافت اور مسلمانوں کی اکثریت ختم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 35 اے کے خاتمے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 50 لاکھ سے زائد غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں و عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔