اسلام آباد(ایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر ، آزاد کشمیر‘ گلگت بلتستان‘ پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے پیرکو یوم استحصال کشمیر منایا‘اس موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیاگیا ‘بھارت کے خلاف جلسے جلوس ‘مظاہرے اورریلیاں نکالی گئیں جبکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہندوستان اور اسرائیل کو کشمیریوں اور فلسطینیوں کوان کا بنیادی حق دینا پڑے گا‘ انڈیا مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کرے ‘بات چیت سے ہی تمام تنازعات حل کئے جاسکتے ہیں‘ ہندوستان کے ہوش کے ناخن لینے ہوں گے‘ کشمیریوں کی آزادی تک ہر فورم پر ان کی حمایت جاری رکھیں گے‘بھارت کو اس حقیقت کا ادراک ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کر سکتا۔ پاکستان اپنی طرف اٹھنے والی ہر آنکھ کو پھوڑ دے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وڈیو لنک کے ذریعے آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو ہندوستانی حکومت نے غاصبانہ طورپراپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کو چھین لیا اور آرٹیکل 370 اور 35 اے کا خاتمہ کر کے کشمیر میں غیر ریاستی افراد کو آباد ہونے کا قانونی حق دیا۔