• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارشوں سے کراچی کا انفرااسٹرکچر تباہ، سڑکوں پر گڑھے، اسٹریٹ لائٹس بند، کچرے کے ڈھیر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مون سون کی حالیہ بارشوں کے دوران کراچی شہر کا انفرا اسٹرکچر قریباً مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے، شہر کی کوئی ایسی سڑک نہیں جہاں گڑھے موجود نہ ہوں، جبکہ محلوں کی اندرونی سڑکیں تو قریباً مکمل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، ٹریفک کی روانی متاثر، اسٹریٹ لائٹس کا نظام مفلوج ہو چکا ہے، جگہ جگہ خصوصاً شہر کے پسماندہ علاقوں میں بنے گندے پانی کے جوہڑ اور کچرے کے ڈھیر نظر آرہے ہیں، جن سے اٹھنے والے تعفن نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے، مکھیوں اور مچھروں کی بہتات نے بھی کئی متعدی بیماریوں کو جنم دیا ہے اور اس صورتحال میں پیر کو شہر کے مختلف علاقوں میں ہوئی تیز بارش نے شہر کی حالت مزید ابتر کردی ہے، بارش کے نتیجے میں ایم اے جناح روڈ پر کیپری سنیما کے سامنے 24انچ قطر کی سیوریج لائن دھنس جانے سے نکاسی آب کا نظام بری طرح متاثر ہوا اور اس اہم تریں سڑک پر دور دور تک گندا پانی بہتا ہوا نظر آرہا ہے۔ ترجمان کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مطابق واٹر کارپوریشن سی ای او انجینئر سید صلاح الدین احمد کی ہدایت پر ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ سیوریج لائنیں تبدیل کرنے کا کام جاری ہے جو جلد مکمل کرلیا جائے گا، جس سے ایم اے جناح روڈ پر نکاسی آب کا نظام بحال ہوجائیگا۔ لیاقت آباد سے تین ہٹی جانے والی سڑک پر گڑھوں کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے ٹریفک جام سے لیاقت آباد ڈاک خانہ پل تک گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیں، حسن اسکوائر سے لیاقت آباد جانے والی سڑک عیسیٰ نگری کے قریب 3سے 4فٹ دھنس گئی اور حسن اسکوائر سے لیاقت آباد جانے والا روڈ ٹریفک کیلئے عارضی طورپر بند کردیا گیا اور لیاقت آباد سے حسن اسکوائر جانے والے ٹریک کو ڈبل چلایاجارہا ہے۔ جبکہ شہر کے متعدد مقامات پر گڑھوں میں جمع بارش کے پانی کے سبب ٹریفک کی روانی میں شدید خلل پڑ رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید