کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کانسٹیبل کا شناختی کارڈ بلاک کرنے سے متعلق درخواست پر نادرا کے وکیل کی استدعا پر 10 دن کی مہلت دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔ جسٹس صلاح الدین پہنور کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو پولیس کانسٹیبل کا شناختی کارڈ بلاک کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ نادرا کے وکیل اور دیگر فریقین بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پولیس کانسٹیبل جمن علی کو مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔ دو رکنی بینچ نے پولیس کانسٹیبل جمن علی سمیت دیگر ملزمان کے شناختی کارڈز اور بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔ ٹرائل کورٹ نے مقدمے میں نامزد پولیس کانسٹیبل کی ضمانت منظور کرلی۔ لیکن تاحال درخواست گزار کا شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹ بلاک ہے، تنخواہ رکی ہوئی ہے۔ نادرا کے وکیل نے جواب جمع کرانے کے لئے مہلت مانگ لی۔