کراچی(اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے واضح کیا ہے کہ اس وقت شہر میں ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں! سندھ حکومت کراچی کی ترقی کے منصوبوں کی مکمل حمایت کر رہی ہے، جب کہ کے ایم سی کی جانب سے میونسپل یوٹیلٹی چارجز اینڈ ٹیکسز (ایم یو سی ٹی) کے تحت جمع ہورہی رقم بھی شہر کے انفرااسٹرکچر کی بحالی اور بہتری کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کو ہدایت کی کہ شہر میں جاری اور آئندہ شروع ہونے والے تمام ترقیاتی منصوبوں کے لیے تکمیل کی مدت مقرر کی جائے۔ وہ ہفتے کو یہاں کے ایم سی کے صدر دفتر ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے،جس میں میونسپل کمشنرابرار جعفر، مشیر مالیات گلزار ابڑو اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی کے مختلف علاقوںمیں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میونسپل کمشنر نے میئر کراچی کو مختلف مدات کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی مالی اور عملی پیش رفت کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔