اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ مون سون سیزن کے دوران ملک بھر میں دس کروڑ سےزیادہ پودے لگائے جائیں گے، درختوں سے آب و ہوا صاف، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی اور قدرتی حسن میں اضافہ ہو گا، قدرت نے پاکستان کو بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے، ہمیں دن رات محنت سے قدرت کی عطا کردہ نعمتوں سے استفادہ کرنا ہے۔ وزیراعظم نے بدھ کو یہاں وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا، اس موقع پر وزیراعظم کو شجرکاری مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جون 2024میں دو ارب 20کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شجرکاری سے نہ صرف پاکستان خوبصورت ہو گا بلکہ موسمیاتی تبدیلی کو کنٹرول کرنے میں مدد ، فضائی آلودگی میں کمی اور قدرتی حسن میں اضافہ ہو گا، امید ہےکہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پورے پاکستان میں وفاقی حکومت اور ذمہ داران مل کر اس عظیم کام میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور پاکستان کو آلودگی سے بچانے کے لئے اور اس ملک کو خوبصورت بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، دریں اثناء وزیراعظم نے گلوبل سسٹمز فار موبائیل کمیونی کیشنز (جی ایس ایم اے) ایشیاء پیپسفک کے سربراہ جولئین گورمین کی قیادت میں ملاقات کرنے والے جی ایس ایم اے کے چار رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہےکہ ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔