اسلام آباد(این این آئی)وفاق نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ وزارت دفاع نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے کہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں کو ملنے کی اجازت دینے کے عمل میں فوجی افسران مداخلت کرتے ہیں۔چیف جسٹس عامر فاروق نے وزارت دفاع کا خط عدالتی ریکارڈ پر لانے کی ہدایت کر دی ہے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے بانی پی ٹی آئی کی بغیر مداخلت وکلاء سے ملاقات کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے کی اجازت ملنے کے عمل میں میجر اور کرنل کی مبینہ مداخلت روکی جائے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے پوچھا کیا وزارتِ دفاع کی رپورٹ آگئی ہے؟ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ وزارتِ دفاع نے بانی پی ٹی آئی کے الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔