اسلام آباد(نما ئندہ جنگ)صدر مملکت آصف علی زرداری نے جعلی خبروں اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کی حوصلہ شکنی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حقائق کی جانچ پڑتال اور معلومات کی تصدیق کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گذشتہ روز ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی،صدر نے مزید کہا کہ میڈیا معاشرے میں رواداری، اتحاد اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ صحافت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھے ، میڈیا رائے عامہ کی تشکیل میں ذمہ دارانہ اور تعمیری کردار ادا کرے ، غلط معلومات اور پروپیگنڈے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عمل ہونا چاہیے ،میڈیا ملک کا بہتر تشخص اور سماجی و اقتصادی مسائل بارے شعور اجاگر کرے، چیئرمین پیمرا نے صدر کو میڈیا منظرنامے کی ریگولیشن اور ترقی میں پیمرا کے کردار اور کارکردگی بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پیمرا نے صدر ِ مملکت کو پیمرا رپورٹ 2021-23بھی پیش کی،صدر نے ملاقات میں پیمرا کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔