کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پانچ ٹیموں کے مجوزہ چیمپئنز ٹورنامنٹس کیلئے مینٹورز کی تلاش شروع کرکے ویب سائٹ پر اشتہار جاری کر دیا ہے۔ ستمبر سے شروع ہونے والے ان مقابلوں میں فرسٹ کلاس، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے ٹورنامنٹ ہوں گے۔ چیمپئنز ٹورنامنٹس کو پہلی مرتبہ ڈومیسٹک سیزن میں شامل کیا گیا ہے۔ سابق اسٹار کرکٹرز کو مینٹورز مقرر کیا جائے گا ۔ ہر ٹیم کے ساتھ صف اول کے کرکٹر اور پروفیشنل لوگوں پر مشتمل کوچنگ اسٹاف ہوگا۔ ان ٹورنامنٹس کا مقصد ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان فرق کو کم کرنا، سخت زیادہ مسابقتی اور ہائی پریشر کرکٹ کھیلنے کا ماحول فراہم کرنا اور مستقبل کے اسٹارز کیلئے بہتر آمدنی کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ مینز ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2024-25میں یہ تین نئے ٹورنامنٹس چیمپئنز ون ڈے کپ، چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ اور چیمپئنز فرسٹ کلاس کپ پہلے سے موجود ٹورنامنٹس کے ساتھ شامل ہونگے ۔