اسلام آباد (محمد صالح ظافر) لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عامر کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لئے پاکستان کا نیا سفیر نامزد کر دیا گیا ہے۔
گوجرانوالہ کور کے سابق کمانڈر نے گیارہ ماہ قبل آرمی میں ملازمت کی مدت مکمل کی۔ وہ سید فیصل نیاز ترمذی کی جگہ لے رہے ہیں جن کا تبادلہ کرکے بلجیم اور یورپی یونین (EU) کے سفیر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔
مراد اشرف جنجوعہ نے برازیل کے سفیر کا عہدہ سنبھال لیا ہے، فیصل عزیز نیوزی لینڈ…میں ہائی کمشنر بن گئے، سلجوق تارڑ انڈونیشیا میں پاکستانی سفیر ہونگے، عامر شوکت مصر میں نئے سفیر ہوں گے، ساجد اقبال اور امیر خرم راٹھور بالترتیب مصر اور انڈونیشیا کے سفیر کی حیثیت سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔
حکومت نے جنرل عامر کی تقرری کے لئے متحدہ عرب امارات کی حکومت سے رضامندی (میزبان حکومت کی رضامندی) مانگی ہے اور اسی طرح فیصل ترمذی کے لئے بھی برسلز سے رضامندی مانگی گئی ہے۔
اعلیٰ سطح کے سفارتی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو پیشہ ورانہ طور پر پبلک ڈیلنگ کا وسیع تجربہ ہے کیونکہ وہ صدر آصف علی زرداری کے پہلے دور میں ایوان صدر کے ملٹری سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور سفارتی خوبیوں سے بخوبی واقف ہیں۔
انہوں نے پاکستان آرمی کی آرٹلری رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ مختلف اہم عہدوں اسٹاف، انسٹرکشنل اور کمانڈ اسائنمنٹس پر خدمات انجام دے چکے ہیں ۔
انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف سیکرٹریٹ میں ڈائریکٹر جنرل اسٹاف ڈیوٹیز کے طور پر بھی کام کرچکے ہیں ، جس سے انہیں پیشہ ورانہ امور سے نمٹنے کا کافی تجربہ حاصل ہے۔
ایک بریگیڈیئر کے طور پر، وہ دو ہزار گیارہ سے دو ہزار تیرہ تک صدر آصف زرداری کے ملٹری سیکرٹری رہے۔ بطور میجر جنرل، محمد عامر نے دو ہزار سترہ سے اٹھارہ تک لاہور میں 10انفنٹری ڈویژن کی کمانڈ کی۔ 11ستمبر 2019کو انہیں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ انہیں ستمبر2019میں جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔