راولپنڈی (نمائندہ جنگ) اسلام آباد احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے نئے توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ میں 11روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں پیشرفت رپورٹ سمیت 19اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم د یدیا ۔ گزشتہ روز اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سماعت کے موقع پر نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون اور پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔ دس روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر دونوں کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ نیب نے اب تک ہونے والی تفتیش کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کیا ۔ نیب حکام نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14روز کی توسیع کرنے کی استدعا کی جبکہ وکلا صفائی نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی ۔