• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ مریم نے کرائم ریٹ بڑھنے پر ڈی پی او میانوالی کو فارغ کردیا

لاہور( نمائندہ جنگ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میانوالی کا تفصیلی دورہ کیا ، کرائم ریٹ بڑھنے اور کرپشن کی عوامی شکایات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او میانوالی مطیع اللہ کو عہدے سے ہٹا دیا ،جیلوں میں کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔دل کے مریضوں کے لئے پہلی کیتھ لیب میانوالی میں قائم کرنے کا اعلان کیا،میانوالی کے علاقے چھدرو میں زرعی ٹیوب ویل کی سولررائزیشن کا اصولی فیصلہ کیاگیا،وزیراعلیٰ نے میانوالی میں سیلابی پانی اور رودکوہی سے بچاؤ کے لئے پیشگی اقدامات ،صفائی کے نظام میں بہتری اور گرین بیلٹ کو ڈویلپ کر نے کی ہدایت کی۔صفائی میں بہتری کے لئے درکار مشینری کی جلد از جلد فراہمی کا حکم دیا۔سکولوں کی حالت اور معیار تعلیم میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت میانوالی کی تعمیر وترقی کا جائزہ لینے کے لئے ڈی سی آفس میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔وزیر اعلیٰ نے ضلع بھرمیں روٹی اور آٹے کے نرخ بھی دریافت کئے۔ضلع میانوالی میں کلینک آن وہیل اور فیلڈ ہسپتالوں کی کارکردگی کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کی۔انہوں نے سٹریٹ لائٹس کو مکمل فنکشنل کرنے اور تجاوزات ہٹا کر گلیوں اور بازاروں کو وسیع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کو پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹر ی کے تحت رجسٹرڈ فیملیز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بجلی کے بلوں سے نجات دلانے کے لئے سولر پینل دینگے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سابق حکومت نےغریبوں کی مفت ادویات بند کر گئی۔ 90فیصد فری میڈیسن دے رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید