کراچی (نیوز ڈیسک) وفاقی سیکرٹری اطلاعات امبرین جان نے اپنے دورہ کراچی کے دوران اے پی این ایس ہاؤس میں اے پی این ایس کے کراچی سے تعلق رکھنے والے ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی صدر اے پی این ایس ناز آفرین سہگل لاکھانی اور سیکرٹری جنرل سرمد علی نے ان کا خیر مقدم کیا۔ سیکرٹری اطلاعات نے اخباری صنعت کو درپیش مسائل پر تفصیلی آگاہی پر اے پی این ایس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وزارت اطلاعات ان مسائل کے حل کیلئے بھر پور کوشش کرے گی۔ اے پی این ایس کے عہدیداران اور مجلس عاملہ کے اراکین نے سیکرٹری اطلاعات کو اخباری صنعت کے طویل عرصہ سے زیرِ التوا مسائل سے آگاہ کیا جن میں سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں اضافہ پر عملدرآمد ،اے بی سی کے نظام اور سینٹرل میڈیا لسٹ پر نظر ثانی، طویل عرصہ سے واجب الادا رقوم کی ادائیگی اور حقیقی اور علاقائی اخبارات کو اشتہارات کی منصفانہ تقسیم شامل ہیں۔