اسلام آباد (ساجد چوہدری) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث غیر ملکی سم اور ای سم صارفین کو ملک کے کسی دوسرے موبائل نیٹ ورک کے ذریعے سروسز حاصل کرنے سے روکنے کے لیے مرکزی ڈیٹا بیس قائم کرنے کی تجویز پیش کر دی، پی ٹی اے کی جانب سے مجوزہ انٹرنیشنل رومنگ (اِن باؤنڈ) ریگولیشنز 2026 کے مسودے کے مطابق اگر کسی غیر ملکی موبائل صارف کو فراڈ، سائبر کرائم، ہراسانی، دھمکیوں یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر پاکستان کے کسی ایک ٹیلی کام آپریٹر کی جانب سے بلاک کیا گیا تو وہ دوسرے پاکستانی موبائل نیٹ ورک کے ذریعے بھی انٹرنیشنل رومنگ کی سہولت حاصل نہیں کر سکے گا، مجوزہ نظام کے تحت پی ٹی اے ایک مرکزی ڈیٹا بیس قائم اور اس کا انتظام کرے گی، جس تک موبائل آپریٹرز کو محفوظ رسائی فراہم کی جائے گی۔ ڈیٹا بیس میں بلاک کیے گئے صارفین کی انٹرنیشنل موبائل سبسکرائبر آئیڈینٹیٹی ، موبائل نمبر، ڈیوائس شناختی نمبر ، غیر ملکی موبائل آپریٹر یا ایگریگیٹر کی تفصیلات، بلاک کرنے کی تاریخ اور وجوہات محفوظ کی جائیں گی، مسودے میں ڈیٹا کے محفوظ رکھنے کی مدت، رسائی کے مجاز افراد، ریکارڈنگ اور آڈٹ کے طریقہ کار سمیت غلط یا پرانے ریکارڈ کی تصحیح اور حذف کرنے کے ضوابط بھی شامل ہیں، مجوزہ ضوابط کے تحت پاکستانی موبائل آپریٹرز کسی غیر ملکی صارف کے فراڈ، سائبر کرائم، ہراسانی، دھمکیوں یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی تصدیق پر اس کی انٹرنیشنل رومنگ سروس فوری طور پر معطل یا بلاک کر سکیں گے۔