کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبوں کو مل کر زرعی شعبے کی ترقی پر توجہ دینی ہے، پاکستان میں زرعی برآمدات میں اضافے کے وسیع مواقع ہیں، پاکستان کی زرعی مصنوعات کی برآمدات 3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، آئندہ سال کیلئے زرعی برآمدات کا ہدف 7ارب ڈالر ہونا چاہیے، چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) کا اگلامرحلہ صنعتی شعبہ میں بزنس ٹوبزنس انتظامات پرمشتمل ہو گا، ہم سب کو ارشد ندیم پر فخر ہے، ارشد ندیم کی کامیابی پر ہم اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں جمعہ کو دوسری بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف چیئرمین کے چیف ایگزیکٹو زبیر موتی والا نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ ،وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر جہاز رانی و بندرگاہیں قیصر احمد شیخ اور وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے خطاب کے آغاز پر ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ہیرو ارشد ندیم کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، 40 سال بعد پاکستان نے طلائی تمغہ حاصل کیا ہے، ارشد ندیم کا پاکستان آمد پر شاندار استقبال کیا جائیگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ زرعی ماہرین کی خدمات سے زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کی طرف توجہ بڑھانے کیلئے کام کرنا ہوگا، جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق و ترقی کے ذریعے برآمدات میں اضافہ ممکن ہے، پاکستان میں زرعی برآمدات میں اضافے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ہمیں زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کی طرف جانا ہوگا۔