کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے صوبائی حکومت سے کوئٹہ شہر میں مطالبہ کرتے ہوئے کہاہےکہ شہر میں بڑھتی ہوئی آبادی حادثات میں اضافے اور مختلف اضلاع سے مریضوں کے بہائو میں اضافے کے پیش نظر شہر میں معیاری اور دور جدید کی سہولیات سے آراستہ ٹراما اینڈ ایمرجنسی سینٹر کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سول سنڈیمن ہسپتال میں موجود ٹراما اینڈ ایمرجنسی سینٹر محدود وسائل، دور جدید کی سہولیات کی عدم دستیابی اور مختلف اضلاع سے حادثات کے شکار مریضوں کے بڑھتے ہوئے بہائو کے پیش نظر صوبے کی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہے۔موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے سول سنڈیمن ہسپتال ایک اورٹراما اینڈ ایمرجنسی سینٹر کا قیام وقت کی ضرورت ہے ۔ بیان میں کہاگیاکہ سول سنڈیمن ہسپتال کے نیورو سرجری، ای این ٹی اور فیمیل سرجیکل یونٹ کو راتوں رات کھنڈرات میں تبدیل کرکے ملبہ سمیٹنے کے بعد مریضوں کو درپیش مشکلات کا کوئی پرسان حال نہیں ۔پلان کے مطابق یہاں میڈیکل اور سرجیکل ٹاورز بنانے کی بجائے ایک غیر قانونی پارکنگ بنای گئی جس سے ہسپتال انتظامیہ اور دیگر مافیاز ملی بھگت سے کھلے عام پیسے بٹورنے میں مصروف ہیں، محدود وسائل میں ملک کے مختلف شہروں سے اپنی ٹریننگ مکمل کرنے والے ہمارے ہونہار کنسلٹنٹ اور مختلف میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم میڈیکل سٹوڈنٹس محکمہ صحت کی ناقص پالیسیوں، عدم توجہی، صوبے میں ڈاکٹروں کی بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور ہسپتالوں میں سہولیات کی عدم دستیابی کے سبب ذہنی کوفت اور مایوسی کا شکار ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ہیلتھ کیئر ورکرز اور محکمہ صحت کے دیگر ملازمین کو لازمی سروس ایکٹ کا حصہ قرار دینے کا شوشہ چھوڑنے والے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار بہتر اور ڈاکٹرز ودیگر ہیلتھ کیئر عملے کے مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں ۔