• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گولڈن بوائے ارشد ندیم کی وطن واپسی، بے مثال استقبال، زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ارشد ندیم 14 گھنٹے کے سفر کے بعد اپنے گھرمیاں چنوں پہنچ گئے۔ جہاں اہلخانہ اور خاص طور پر ان کی والدہ سے ملنے کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ اس دوران وہ جہاں سے گذرے، راستے میں کئی مقامات پر شہریوں نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں گئیں اور ارشد ندیم زندہ باد کے نعرے لگائے گئے، شہری ’’گولڈن بوائے‘‘ کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے تاب دکھائی دئیے ۔ الصبح ارشد ندیم لاہور ایئر پورٹ سے تبلیغی مرکز رائیونڈ آئے تھے جہاں ان کے قافلے نے ایک گھنٹہ قیام کیا تھا۔ وہ تبلیغی مرکز رائیونڈ میں نمازِ فجر ادا کرنے کے بعد میاں چنوں روانہ ہوئے تھے۔ اس سے قبل رات لاہور ائیرپورٹ پر ارشد ندیم کا قوم نے شایان شان اور والہانہ استقبال کیا ۔ میاں چنوں میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ استقبال دیکھ کر بہت خوش ہوں، قوم نے پیرس اولمپکس کی پرفارمنس سے بڑھ کر میرا استقبال کیا۔ لوگوں نے اتنا پیار دیا، ان کا بے حد شکر گذار ہوں ۔ آئندہ بھی پاکستان کیلئے جیتنے کی بھرپورکرشش کروں گا، پیرس اولمپکس میں ریکارڈ توڑنے پر خوشی ہے، نیرج چوپڑا بھی میرے بھائیوں کی طرح ہے۔ خیال رہے کہ ارشد ندیم نے جیولین تھرور کے مقابلے میں 92 اعشاریہ 97 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی تھی، پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اکیلے شخص نے ملک کے لیے سونے کا تمغہ جیتا ہے۔ دسری جانب چیئرمین ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے ارشد ندیم کو اہل خانہ سمیت عمرہ کرانے کا اعلان کیا ہے۔

اسپورٹس سے مزید