• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارشد ندیم کی طرح قوم کو خوشیاں دینے کی کوشش کرینگے، شان مسعود

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ارشد ندیم کی طرح کرکٹ ٹیم بھی قوم کو خوشیاں دینے کی کوشش کرے گی، ٹیم میں کوئی میچ فکسر نہیں ہے ،اس حوالے سے موجودہ ٹیم پر کوئی انگلی نہیں اٹھائی جاسکتی ۔ پاکستان پچھلے 10 ماہ سے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا، ہماری نگاہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل پر مرکوز ہے ۔ اس مقصد کیلئے تینوں شعبوں میں بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا،سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت کر آئے تھے، ٹیم میں کافی تبدیلیاں کیں ہیں۔ کوچز جیسن گلیپسی اورگیری کرسٹن سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔ ریڈ بال اور وائٹ بال کوچز بہترین ہیں، ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 9 میچز میں سے زیادہ میچز جیتنے ہوں گے۔ اتوار کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں پاکستان کی نمائندگی کرنا باعث فخر ہے، ارشد ندیم کی طرح قوم کو خوشیاں دینے کی کوشش کریں گے۔ ٹیم مینجمنٹ میں کافی تبدیلیاں ہوئیں، دس ماہ سے ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی، آسٹریلیا سے سیریز اچھی کھیلی لیکن جیت نہ سکے۔بنگلہ دیش کو ہلکی ٹیم تصور نہیں کریں گے، ان کا تجربہ کار اسکواڈ ہے۔ پاکستان اپنے اسٹائل کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کھیلےگا، ایسی کرکٹ کھیلیں گے جس سے پاکستانی شائقین کرکٹ خوش ہو جائیں۔ ہماری توجہ صرف بہتر نتائج حاصل کرنا ہے۔ ہمیں 9 میں 7 میچز اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے ہیں، کوشش ہے کہ 21 اگست سے شروع ہونے والی سیریز میں پراعتماد آغاز کرکے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کریں۔ ہوم ایڈوانٹیج کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

اسپورٹس سے مزید