• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارشد ندیم، شہباز شریف کا عشائیہ، 15 کروڑ اور تمغے کا اعلان

اسلام آباد(جنگ نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو اسلام آباد بلا لیا ، ارشد ندیم اور ان کے اہل خانہ کو خصوصی طیارے سے اسلام آباد لایا گیا ، انہیں خصوصی پرو ٹوکول دیا گیا، وزیراعظم نے ارشد ندیم کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں ان کے لئے صدارتی تمغے کا اعلان کردیا ، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم 25کروڑ پاکستانی عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں ، انہوں نے پیرس اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے اور اولمپک ریکارڈ بنانے پر ارشد کے لئے 15 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا، وزیراعظم کا قومی ہیرو کے نام سے سڑک منسوب کرنے اور ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی بنانے کا بھی اعلان کردیا، ارشد ندیم نے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں، وزیراعظم محمد شہباز شریف، پوری پاکستانی قوم، اپنے والدین اور میڈیا کا شکر گزار ہوں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے ارشد ندیم کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا، وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیراعظم نے ارشد ندیم، انکی والدہ اور انکے اہل خانہ کا استقبال کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کو یوم آزادی سے پہلے ایک شاندار تحفہ دیا جس نے جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔وزیراعظم نے اسلام آباد میں ایف 9 اور ایف 10 سیکٹر کے درمیان سڑک کو ارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا، وزیراعظم نے جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں نوجوانوں کو کھیلوں کی تربیت دینے کیلئے ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی کے قیام کا بھی اعلان کیا۔محمد شہبازشریف نے کہا کہ ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی کے قیام سے 2028ء اولمپکس کیلئے ایتھلیٹس اور کھلاڑیوں کو تربیت دے کر بھرپور مقابلے کیلئے تیار کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کھلاڑیوں کی بہبود، ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی ضروریات پوری کرنے اور انہیں تربیت کے بہترین مواقع فراہم کرنے کیلئے 1 ارب روپے کے سپورٹس انڈومنٹ فنڈز کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے ارشد ندیم کی اعلیٰ کارکردگی اور پاکستان کیلئے اولمپکس میں 40 برس بعد طلائی تمغہ جیتنے پر ہلال امتیاز سے نوازنے کا بھی اعلان کیا۔شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم 25 کروڑ پاکستانی عوام کے ہیرو اور دلوں کی دھڑکن ہیں۔ ان کی کامیابی ہم سب کیلئے روشن مثال ہے۔ اس راستے پر چل کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹیں گے۔ وزیراعظم ہاؤس میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا 14 اگست گولڈ میڈل کے ساتھ منائیں گے،وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پورے پاکستان نے میرا استقبال میری محنت سے زیادہ کیا، اللّٰہ تعالیٰ مجھے فٹ رکھے میں مزید ورلڈ ریکارڈ قائم کروں گا ، شہباز شریف نے جو پودا 2012 میں لگایا تھا یہ اس کا پھل ہے، قوم نے اتنی عزت دی ہے جو میڈل سے بھی زیادہ ہے ،میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا ، شہباز شریف نے جو پودا لگایا تھا یہ اس کا پھل ہے، 2012 میں یوتھ فیسٹیول کرایا گیا تھا جہاں سے میرا سفر شروع ہوا، مریم نواز آج ہمارے گاؤں آئیں تھیں، لوگوں نے انہیں بہت عزت دی، وزیراعظم کا بہت شکرگزار ہوں کہ انہوں نے اتنی عزت دی۔ کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف، پوری پاکستانی قوم، اپنے والدین اور میڈیا کا شکر گزار ہوں ۔

اہم خبریں سے مزید