پشاور ( جنگ نیوز )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبد الکریم تورڈھیر نے منگل کے روز حیات آباد پشاور میں واقع اکنامک زون میں نئے انڈسٹریل فیسلٹیشن آفس کا باضابطہ افتتاح کردیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی جاوید اقبال خٹک اور کمپنی کے دیگر حکام موجود تھے۔واضح رہے کہ نیا صنعتی سہولیاتی دفتر زون کے اندر صنعتکاروں کی معاونت اور سہولت کیلئے قائم کیا گیا ہے جو کمپنی کا مقامی دفتر ہوگا اور اسکے ذریعے محکمہ یا کمپنی کے حوالے سے صنعتکاروں اور کاروباری افراد کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے ترجیحات کا مرکز و محور یہاں پر اقتصادی ترقی لانے کیلئے پائیدار کوششیں کرنی ہیں اور ہمارا عزم ہے کہ صوبے میں کاروباری طبقات اور سرمایہ کاروں کو تمام آسانیاں اور سہولیات فراہم ہو سکیں۔انھوں نے کہا کہ نیا سہولیاتی دفتر اکنامک زون میں کاروباری افراد اور صنعتکاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔اس موقع پر سی ای او جاویداقبال خٹک نے بھی اظہار خیال کیا اور نئے دفتر کے قیام کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔