کوئٹہ(پ ر) تحریک انصاف کے رہنما حاجی سیف اﷲ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پوری قوم عمران خان کی کال کی منتظر ہے اگر بانی پی ٹی آئی نے احتجاج کی کال دیدی تو پھر قوم سڑکوں پر نکل آئے گی ،قوم کو 77ویں جشن آزادی کی مبارکبادپیش کرتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ جلد حقیقی آزادی بھی ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےا یک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر ایکسٹینشن کیلئے آئین و قانون کو اس طرح روندا جاتا رہا تو وہ قوم کو احتجاج کی کال دیدیں گے اور اگر قوم باہر آگئی تو پھر وہ حکمرانوں اور اشرافیہ کا دھڑن تختہ کئے بغیر گھروں کو واپس نہیں جائے گی، انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کو جس طرح پامال کیا جا رہا ہے وہ اب قوم کیلئے ناقابل برداشت ہوگیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز تحریک انصاف کی قومی اسمبلی کی تین نشستیں چھیننے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ جو لوگ یہ سب کچھ کررہے ہیں اور جس کیلئے کررہے ہیں وہ قوم جانتی ہے قوم نے نقاب کے پیچھے چھپے چہرے دیکھ لئے ہیں ۔ علاوہ ازیں انہوں نے 77ویں یوم آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ حقیقی آزادی بھی بہت قریب ہے۔