کراچی(پی پی آئی)زیر سمندر کیبل کٹنے سے دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروس میں پیدا ہونیوالی خرابی تو چند روز میں دور کر دی گئی،جس کے بعد دنیا میں انٹرنیٹ سروس اور آن لائن رابطے معمول پر آنے کے باوجود پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز مسلسل خلل کا شکار ہیں۔
شہریوں کو شکوہ ہے کہ اس سے ریاست کو بھی مالی نقصان کا سامنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں انٹرنیٹ چل تو رہا ہے مگر اس کی اسپیڈ مسلسل کم ہے اور خصوصاً ڈیٹا پر انٹرنیٹ سروسز استعمال کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
دوسری جانب رابطوں کا اہم ذریعہ واٹس ایپ ڈاؤن ہونے کی وجہ سے شہری اور کاروباری افراد مشکلات کا شکار ہیں۔پی پی آئی کے مطابق شہریوں کاکہنا ہے کہ اس سے ریاست کوبھی مالی نقصانات کا سامنا ہے۔
انٹرنیٹ سروسز متاثر ہونے سے آن لائن سواری سمیت کاروبار کی لین دین میں بھی دشواریوں کا سامنا ہے، صارفین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بندش پربھی سراپا احتجاج ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن نے انٹرنیٹ سروسز متاثر ہونے کے حوالے سے کوئی مؤقف نہیں دیا ہے۔