• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بنگلادیش سیریز، کراچی دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی سے محروم، انگلینڈ کے خلاف اکتوبر میں میچ بھی مشکل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تعمیراتی کام کے دوران ٹیسٹ میچ کرانے کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے دوسری بار اپنا فیصلہ تبدیل کردیا اور بنگلہ دیش کے خلاف کراچی ٹیسٹ کو پنڈی منتقل کردیا ہے۔ اس سے قبل پی سی بی نے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع کر نے کے24گھنٹے بعد میچ تماشائیوں کے بغیر کرانے کا اعلان کیا تھا پھر ایک اور یوٹرن لے لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں کراچی میں پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ کا انعقاد بھی خطرے میں ہے اور انگلش ٹیم کے دو ٹیسٹ میچز بھی پنڈی میں کرائے جانے کے امکانات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے میچ پنڈی شفٹ کرنے کا فیصلہ ہفتے کو کرلیا تھا تاہم بنگلہ دیش بورڈ سے منظوری کے بعد اتوار کو اس کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ غلطی کا احساس ہونے کے بعد دعوی کیا گیا کہ شائقین کو براہ راست میچ دکھانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ بورڈ کے مطابق اس فیصلے سے شائقین کو گراؤنڈ میں براہ راست کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔ پی سی بی ترجمان نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کیلئے تعمیراتی کام جاری ہے۔ اس لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی مشاورت سے30 اگست تا تین ستمبر ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تعمیراتی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ کھیل کے اوقات کے دوران تعمیراتی کام جاری رہ سکتا ہے، اس کے نتیجے میں ہونے والے صوتی آلودگی کرکٹرز کو پریشان کرے گی۔ مزید برآں تعمیراتی کام سے اٹھنے والا دھواں کھلاڑیوں، آفیشلز، براڈ کاسٹرز اور میڈیا کی صحت اور تندرستی کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ یہ دیکھتے ہوئے کہ تعمیراتی کام بلاتعطل جاری رہنا چاہیے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یہ وینیو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے تیار رہے، پی سی بی نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور آپریشنل و لاجسٹک معاملات کا جائزہ لینے کے بعد دونوں ٹیسٹ راولپنڈی میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فی الحال 15 سے 19 اکتوبر تک انگلینڈ کے خلاف کراچی میں دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی سے متعلق قیاس آرائیاں کرنا پسند نہیں کریں گے اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے میچ کی محفوظ میزبانی پر آرکیٹیکٹ اور تعمیراتی ماہرین کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ 21 اگست سے شروع ہوگا ۔ دریں اثنا، اسلام آباد میں، پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے ٹیمیں اپنی سیریز جاری رکھیں گے۔

اسپورٹس سے مزید