کراچی (اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش کی کشیدہ صورتحال پر آئی سی سی کے تحفظات برقرار ہیں اور خواتین ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کا انعقاد بدستور خدشات کا شکار ہے۔ ملکوں نے اپنے شہریوں کو بنگلہ دیش کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ایونٹ بنگلا دیش میں مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے بنگلا دیش کو ایونٹ کی میزبانی کا گرین سگنل نہیں دیا، آئی سی سی ٹریول وارننگ ختم ہونے کا منتظر ہے۔تاہم بنگلہ دیش بورڈ آئی سی سی کو قائل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے حالیہ واقعات کی وجہ سے ٹریول ایڈوائزری جاری کی، ٹریول ایڈوائزری سے دستبردار ہونے کی صورت میں ہی ایونٹ بنگلا دیش میں ہو گا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ایک آفیشل کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے ساتھ رابطے میں ہیں، 4 ممالک کی ٹریول ایڈوائزری برقرار رہتی ہے تو میزبانی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وقت بہت کم ہے، آئی سی سی کو جلد فیصلہ کرنا ہے، آئی سی سی ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے فیصلہ 20 اگست کو متوقع ہے۔ ایونٹ 3 اکتوبر سے بنگلہ دیش میں شروع ہونا ہے، بھارت آئی سی سی کی ایونٹ کی میزبانی کی پیشکش ٹھکرا چکا ہے۔ زمبابوے نے میزبانی کی خواہش کا اظہار کیا ہے ، دوسرا امیدوار متحدہ عرب امارات ہے۔