کراچی (اسٹاف رپورٹر)ٹیسٹ کرکٹ کے 150 سال مکمل ہونے پر آسٹریلیا اور انگلینڈ ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔ اس حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا نے واحد ٹیسٹ میچ مارچ 2027 کو کرانے کا اعلان کیا ہے۔ میزبانی تاریخی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کرے گا۔ خیال رہے کہ دنیا کا پہلا ٹیسٹ میچ 15 سے 19 مارچ 1877 میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میلبرن میں ہی کھیلا گیا تھا۔ 1978-79 کے سیزن کے بعد پہلی مرتبہ مارچ میں آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ ہو گا۔ آخری مرتبہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ مارچ میں ہوا جو 29 مارچ کو ختم ہوا تھا۔ ٹیسٹ کرکٹ کے 100 برس مکمل ہونے پر ٹیسٹ 12 سے 17 مارچ 1977 کو ایم سی جی میں ہی کھیلا گیا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے 2030 -31 سیزن تک کے انٹرنیشنل وینیو رائٹس کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق باکسنگ ڈے ٹیسٹ ایم سی جی اور نیو ائیر ٹیسٹ سڈنی میں ہی ہوں گے۔