کراچی (اسٹاف رپورٹر) گذشتہ سال کی مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم پہلی بار شان مسعود کی قیادت میں بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ کی سیریز کھیل رہی ہے اور پرعزم ہے کہ اگلے9ٹیسٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پاکستان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے کوالی فائی کرے گا۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ بدھ سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان چار فاسٹ بولروں کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ بیٹنگ کا انحصار بابر اعظم ، محمد رضوان، شان مسعود، سعود شکیل، عبداللہ شفیق اور سلمان علی آغا پر ہوگا۔ پاکستان اس وقت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں چھٹے نمبر پر ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی اس سال اپریل میں اپنی تقرری کے بعد پہلی بین الاقوامی اسائنمنٹ ہے۔ کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ شائقین ہمیشہ چاہتے ہیں کہ کرکٹ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے اور ان کیلئے جیتے۔ ہمارے پاس کرکٹرز کا ایک باصلاحیت گروپ ہے جو اچھی کارکردگی کیلئے بے چین ہے۔ ہمارے بولرز بیس وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بنگلہ دیشی کپتان نجم الحسین شانتو کا کہنا ہے کہ سیریز بہت اہم ہے ۔ پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان پلیئنگ الیون۔ عبداللہ شفیق، صائم ایوب، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل ( نائب کپتان)، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ ، خرم شہزاد اور محمد علی۔ بنگلہ دیش اسکواڈ ۔ نجم الحسن شانتو (کپتان)، حسن محمود، لٹن داس، مہدی حسن میراز ، مومن الحق، مشفق الرحیم، ناہید رانا، نعیم حسن، شادمان اسلام، شکیب الحسن، شریف الاسلام، سید خالد احمد، تائجو الاسلام اور ذاکر حسن پر مشتمل ہے۔