• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد ریاست کا قیام ہی فلسطین کے مسئلے کا پائیدار حل ہے، شہباز شریف

اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 1967سے پہلے کی سرحدوں اور القدس کے دارالحکومت کے طور پر فلسطین کی ایک آزاد ریاست کا قیام ہی اس مسئلے کا پائیدار حل ہے،انہوں نے یہ بات گزشتہ روز فلسطین کے سبکدوش ہونے والے سفیر احمد جواد عبد العزیز رابعی سے گفتگو کے دوران کہی جنہوں نے منگل کو ان سے ملاقات کی،وزیر اعظم سے پاکستان سے تعلق رکھنے والے، یو کے کی معروف یونیورسٹی آف آکسفورڈ میں آکسفورڈ یونین کے نو منتخب صدر اسرار خان کاکڑ نے بھی ملاقات کی، دریں اثناء وزیراعظم نے مستونگ میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور پائلٹ آفیسر راشد منہاس نشانِ حیدر کے 53ویں یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق فلسطینی سفیر سےملاقات میں وزیراعظم نے فلسطینی عوام اور ان کے حق خود ارادیت کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی، انہوں نے دو ریاستی حل کے ذریعے مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل تلاش کرنے کی کوششوں کیلئے پاکستان کے پختہ عزم اور حمایت کا اعادہ کیا۔احمد جواد عبد العزیز رابعی نے اپنے پانچ سالہ دور تعیناتی میں بہترین مہمان نوازی، فلسطینی طلباء کو تعلیم مکمل کرنے کیلئے سہولیات فراہم کرنے اور وظائف کی پیشکش پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے اسرار خان کاکڑ کا وزیراعظم ہاؤس میں پر تپاک استقبال کیا اور انہیں بیرونِ ملک پاکستان کا نام روشن کرنے پر سراہا۔ وزیر اعظم نےکہا کہ اسرار کاکڑ جیسے باصلاحیت نوجوان ہی پاکستان کے پائیدار اور روشن مستقبل کے ضامن ہیں، بلوچستان کے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان کا انتھک محنت سے اپنے تمام تعلیمی مراحل میں وظائف حاصل کرنا اور بالآخر آکسفورڈ یونین جیسی اعلیٰ تنظیم کا صدر منتخب ہونا قابل فخر ہے۔
اہم خبریں سے مزید