مانچسٹر (ہارون مرزا) معر وف برطانوی فوڈ چین ٹیسکو نے سال میں دوسری مرتبہ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا اعلان کر دیا۔ سینڈوچ، سلاد، سنیک اور ڈرنک وغیرہ کو ڈیل میں رکھا گیا ہے۔ تقریباً 6فیصد قیمتوں میں اضافہ پر صارفین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، دو سال سے بھی کم عرصہ میں دوسری مرتبہ قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، قیمتوں میں اضافے پر سپر مارکیٹس اور ٹیسکو حکام کا موقف ہے کہ بہتر معیار کے اجزا متعارف کرائے گئے ہیں۔ اشیاء کی رینج میں بھی بہتری آئی ہے جس کی وجہ سے قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، حالیہ اضافے کے بعد کلب کارڈ کے اراکین اپنے کھانے کی ڈیل میں تقریبا 20پینی مزید اضافہ دیکھیں گے۔ ایک سینڈوچ یا سلاد، اسنیک اور ڈرنک کی قیمت اب3.60پاؤنڈز وصول کی جائے گی جبکہ کلب کارڈ کے بغیر صارفین کو 4پاؤنڈز کی ادائیگی کرنا ہوگی جو موجودہ قیمت سے تقریباً 10پینی زائد ہوگی ۔سینسبری کی طرف سے تین سال کے دوران پہلی مرتبہ کھانے کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جو ڈیل کے مطابق 3.50 پاؤنڈز سے 3.75پاؤنڈ تک بڑھایا گیا ہے۔ ٹیسکو کا موقف ہے کہ قیمتوں میں اضافہ اب بھی بہترین نمائندگی کا حامل ہے کیونکہ80فیصد صارفین کلب کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے کھانے خریدتے ہیں اور اگر الگ سے خریدا جائے تو کھانے کے کئی امتزاج کی قیمت 8پاؤنڈز سے زیادہ ہوگی۔ ٹیسکو کے سب سے مشہور کھانے کا سودا ایک ساسیج، بیکن اور انڈے کا ٹرپل سینڈوچ، میک کوز فلیم گرلڈ اسٹیک کرسپس کا پیکٹ اور مشروب کی بوتل اگر الگ سے خریدا جائے تو اس کی قیمت6.20 پاؤنڈ ہوگی۔ صارفین نے قیمتوں میں اضافے پر اپنی تشویش کا اظہار کیاہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ برطانیہ میں مہنگائی کی وجہ سے کھانے پینے کی چیزوں میں اضافے سے متوسط اور غریب طبقے کیلئے مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔