لوٹن ( نمائندہ جنگ ) میرپور انٹرنیشنل ائرپورٹ موومنٹ برطانیہ اور یورپ کے چیئرمین اور کوآرڈینٹیر کشمیر سالیڈیرٹی کمپین لوٹن حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر پر بھارت کے دعوے بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں رہا۔ بھارت نے 370اور 35A کا خاتمہ کرکے مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں 42لاکھ غیر ریاستی ہندوؤں کو آباد کرکے کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی سازش کی ہے جس کا واضح مقصد کشمیر کی اکثریت مسلم ریاست کو ایک اکثریت ہندو ریاست کی آبادی میں تبدیل کرنا ہے تاکہ کسی ممکنہ رائے شماری میں ووٹنگ کا رحجان پاکستان کے بجائے بھارت کی طرف موڑا جاسکے۔ اس سازش کو وورسیز کشمیری اس سازش کو بے نقاب کریں اور حکومت پاکستان بھی اپنی اخلاقی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کو بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کی بھرپور حمایت کی ہے تاہم پاکستان کی موجودہ حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ زیادتیوں کو عالمی سطح پر اٹھائے پاکستان ہمارا وکیل ہے اسی وجہ سے کشمیریوں کی پاکستان سے وابستگی لازوال اور بے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے کشمیری عوام نے لازوال قربانیوں کی داستان رقم کی ہے _ کشمیری عوام کی قربانیوں کو پاکستان کی حکومت شناخت کرے اور عالمی سطح پر آزاد کشمیر حکومت کو تسلیم کرے اور پھر عالمی سطح پر آزاد کشمیر کی حکومت کو مسئلہ کشمیر پیش کرنے کا موقع دے تاکہ مسئلہ کشمیر عالمی توجہ حاصل کر سکے ۔