• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسمگلنگ میں ملوث افراد کو پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے، شہباز شریف

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسمگلنگ کے ناسور کے ملک سے مکمل خاتمے کیلئے تمام ادارے اپنی کوششیں تیز کریں،اسمگلنگ میں ملوث افراد کو پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے،ملوث عناصر اور انکے سہولت کاروں کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹرز کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو ضبط کیا جا ئے۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی زیر صدارت سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں گفتگوکرتےہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، سید محسن رضا نقوی، رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیرِ اعظم نے سمگلنگ کے خلاف اقدامات کو مزید مؤثر اور تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سمگلنگ میں ملوث افراد کو قطعی طور پر پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے، سمگلنگ کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے ،سمگلنگ میں ملوث عناصر اور انکے سہولت کاروں کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹرز کی سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو ضبط کرکے انکے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ خوش آئند امر ہے کہ متعلقہ اداروں کی کارروائیوں کے نتیجے میں سمگلنگ میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ایف بی آر، وزارت داخلہ اور دیگر ادارے آپس میں تعاون مزید بہتر کریں۔

اہم خبریں سے مزید