اسلام آباد (ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی،اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئندہ ہفتےہونے والی ممکنہ قانون سازی پر تفصیلی مشاورت کی گئی، علاوہ ازیں صدر مملکت سے نواب آف بہاولپور نواب صلاح الدین احمد عباسی اور اُنکے صاحبزادے بہاول خان عباسی نے ملاقات کی،اس موقع پر ملکی اور جنوبی پنجاب کی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، صدر مملکت ملاقات کیلئے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے۔ مولانا فضل الرحمان نے صدر مملکت کا استقبال کیا، تفصیلی ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے مولانا فضل الرحمان کو بندوق کا تحفہ پیش کیا۔آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع نے بتایاکہ ملاقات میں جے یو آئی کو حکمراں اتحاد سے تحفظات پر بھی بات چیت کی گئی۔ ذرائع نے بتایاکہ ملاقات میں جے یو آئی کو حکمراں اتحاد سے تحفظات پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں مولانا عبدالغفور حیدری ، مولانا اسعد محمود ، اسلم غوری ،انجینئر ضیا الرحمان موجود تھے۔ ملاقات میں موجود ذرائع نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی اور حکمراں اتحاد کے درمیان فاصلے کم ہو رہے ہیں، آصف علی زرداری ریاست کے سربراہ کے طورپر ملاقات کیلئے آئے اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا صدر کے ہمراہ ملاقات کیلئے آنا ثبوت ہے کہ ریاست جے یو آئی کے تحفظات کو سنجیدہ لے رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ریاست ہمارے تحفظات دور کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا چاہتی ہے۔ جیو نیوز کے اس سوال پر کہ اب کیا جے یو آئی اپوزیشن کا ساتھ دے گی یا حکمراں اتحاد کا حصہ بنے گی؟ اس کے جواب میں ذرائع کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کے پاس آپشنز موجود ہیں، تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا البتہ جے یو آئی ملک میں سیاسی عدم استحام کے بجائے تعمیری کردار ادا کرنے کو ترجیح دے گی اور آنے والے دنوں میں اس طرح کی مزید ملاقاتیں ہونگی۔علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری سے نواب آف بہاولپور نواب صلاح الدین احمد عباسی اور اُنکے صاحبزادے بہاول خان عباسی نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے پاکستان بالخصوص سماجی شعبے میں نواب آف بہاولپور اور اُنکے خاندان کی خدمات کو سراہا۔ صدرآصف علی زرداری نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز اور جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔