اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیرِاعظم شہباز شریف نے فلسطینیوں کی اپنی سرزمین سے جبری بے دخلی اور بچوں کی غذائی قلت سے متعلق انسانی امور پر اقوام متحدہ کے ادارے (او سی ایچ اے) کی تازہ رپورٹ پر عالمی برادری کے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے بیان میں وز یر اعظم نے کہا ہے کہ صاف نظر آ رہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل ختم کر رہا ہے، انسانیت کے خلاف جرائم کرنے والی اسرائیلی ریاست کو کٹہرے میں کھڑا نہ کیا گیا تو عالمی ادارے خود کٹہرے میں کھڑے ہوں گے،اقوام متحدہ کی تازہ ترین رپورٹ خوفناک اور مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کے اسرائیلی جرم کا تازہ ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ گواہی دے رہی ہے کہ کوئی دن ایسا نہیں جس میں بے گناہ فلسطینیوں کا لہو نہ بہایا گیا ہو ،اسرائیل کا سب سے بڑا نشانہ فلسطینی بچے بن رہے ہیں،رپورٹ سے تصدیق ہوتی ہے کہ ایک طرف مہلک ہتھیاروں سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے تو دوسری طرف بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، شمالی غزہ میں صرف ایک فی صد اور جنوبی علاقے میں چھ فی صد بچوں کو خوراک مل رہی ہے،اسرائیل فضا، زمین اور سمندر سے آگ اور بارود برسا کر عام فلسطینیوں کا قتل عام تیز کر چکا ہے، عالمی اداروں کی رپورٹس اسرائیل کے خلاف سنگین فرد جرم ہے، انسانیت کے قاتلوں کو سزا دی جائے۔ مظلوموں کا تحفظ کیا جائے پاکستان فلسطینیوں خاص طور پر بچوں کے لیے خوراک کی ترسیل کو مزید تیز کرے گا۔