• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کا کے ایم سی ہیڈ آفس کے سامنے مظاہرہ

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر ) سندھ حکومت و میئر کی نااہلی و ناقص کارکردگی، شہر میں سڑکوں کی خستہ حالی و انفرا اسٹرکچر کی تباہی، پانی کے بحران اور صفائی ستھرائی کے ناقص نظام، ٹاؤن اور یوسی کی سطح تک اختیارات ووسائل کی عدم منتقلی کے خلاف گزشتہ روز کے ایم سی ہیڈ آفس کے سامنے جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں ٹاؤن ویوسی چیئرمین،وائس چیئرمین اور کونسلرز شریک ہوئے۔ بلدیاتی نمائندوں نے مختلف بینرز و پلے کارڈ ز اُٹھائے ہوئے تھے جن پر ”نااہل قبضہ مئیر کراچی کی جان چھوڑو، پیپلز پارٹی والو! کراچی دشمنی ختم کرو، ٹاون و یوسی کو فنڈ دو، کے الیکٹرک مئیر گٹھ جوڑ نامنظور، ٹیکس لیتے ہو پانی تو دو، ابلتے گٹر،ٹوٹی سڑکیں نااہل قبضہ مئیر شرم کرو، 96فیصد ٹیکس لیتے ہو سڑکیں کیوں نہیں بناتے؟، بدحال کراچی،ریونیو 96فیصد،بلدیاتی اختیارات 0فیصد“ و دیگر نعرے درج تھے۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خمیر میں کراچی دشمنی ہے وہ کر اچی کے کیے کچھ نہیں کرنا چاہتی، قبضہ مئیر نااہل ہیں، ان میں بلدیہ کا انتظام چلانے کی صلاحیت نہیں، پیپلز پارٹی کے قبضہ مئیر کو ٹاؤن و یوسی چیئرمینز کو اختیارات ہر صورت میں دینا پڑیں گے، پیپلز پارٹی کی جمہوریت وصیت اور وراثت پر چل رہی ہے، پیپلز پارٹی براہ راست 16 سال سے سندھ پر قابض ہے اس کے باوجود کام کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔
اہم خبریں سے مزید