کراچی(نیوز ڈیسک)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے بعد کراچی میں پہلی بار حب ریلی آٹو کراس ریس کا انعقاد خوش آئند ہے۔ ریس میں شریک تمام فاتحین کو مبارک باد دیتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایچ اے سٹی میں حب ریلی آٹو کراس ریس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں جاپان کے قونصل جنرل اور ریلی کے منتظمین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ بلوچستان میں کار ریس میں شرکت کے موقع پر منتظمین سے کہا تھا کہ یہ ایونٹ کراچی میں بھی منعقد کرائیں، میری درخواست پر کراچی میں بھی یہ ایونٹ منعقد کیا گیا ہے ،جس پر منتظمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے آج بتایا گیا ہے کہ اب یہ ایونٹ ہر سال یہاں منعقد ہوگا۔گورنر سندھ نے کار میں ٹریک کا معائنہ کیا اور ڈی ایچ اے سٹی کے انتظامات کی تعریف کی۔