• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI گروپوں کی پارٹی پر قبضے کی جنگ، علیمہ، بشری لڑائی مکافات عمل، عطا تارڑ

لاہور (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی گروپوں کی پارٹی پر قبضے کی جنگ شروع ہوچکی ہے، علیمہ خان اور بشریٰ بی بی لڑائی مکافات عمل ہے۔جبکہ عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بھابھی اور نند میں پی ٹی آئی پر قبضے کی جنگ چل رہی، ’کرمنالوجی یونیورسٹی آف بنی گالہ‘ کا پرنسپل آج مظلوم بن کر عوام سے عمدردیاں حاصل کرنا چاہتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ علیمہ خان نے بشریٰ بی بی کے بیان کو جھوٹا قرار دیا، معاشرے کو تقسیم کرنے والے خود تقسیم کا شکار ہیں، پارٹی پر قبضے کی جنگ میں آپ ملک کا نقصان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی کوشش ہے پارٹی پر انکی گرفت مضبوط ہو، تحریک انصاف ملک کو نقصان پہنچانے کی سیاست کر رہی ہے، نفرت کی سیاست کا انجام اچھا نہیں ہوتا۔ عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا بشریٰ بی بی ہمدردی کیلئے جھوٹا اور من گھڑت بیانیہ پھیلا رہی ہیں، تحریک انصاف میں کئی سال سے ڈس انفارمیشن سیل چل رہے ہیں، بشریٰ بی بی جو جھوٹا بیانیہ پھیلا رہی ہیں اس میں کوئی حقیقت نہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے مذہب کارڈ اور غداری کارڈ کے بعد مظلومیت کارڈ پیش خدمت ہے۔ عمران خان جیل سے نکلنے کیلئے کبھی فوج سے معافیاں مانگتا ہے اور کبھی برطانوی وزیراعظم سے اپیلیں کرتا ہے۔ بھابھی اور نند کے اختلافات فتنہ پارٹی کے وٹس ایپ گروپس میں موضوع بحث بن رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علیمہ خان اور روف حسن کی واٹس ایپ چیٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ پارٹی ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے پروپیگنڈوں سے اب کچھ بھی چیز بعید نہیں ہے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ایک ہفتے مولا جٹ بنتے ہیں تواگلے ہفتے ’’معصوم پرندہ‘‘ بن جاتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی جب وزیراعظم تھے مخالفین کو پھانسی پر لٹکانے کی فہرستیں تیار کرتے تھے۔ انکا کہنا تھا کہ آج عمران خان کی اپنی بیوی اور بہن پھانسی سے متعلق پروپگنڈے کر رہی ہیں۔ اقتدار میں تھے تو مخالفین کو دیوار میں چنوا دینے کے پلان بناتے رہے ہیں۔ اب دونوں میاں بیوی جیل کی دیواروں کے سائے سے بھی ڈرنے لگے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید