کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ موسمیات کے میٹرولوجسٹ انجم نذیر نے کہا ہے کہ اتوارسے طاقت ور مون سون ہوائیں ملک کے جنوبی حصے میں داخل ہوں گی، جو کراچی سمیت سندھ بھر میں 26 سے 29اگست تک بارش کا سبب بنیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ پر اثر انداز ہونے والا یہ اب تک کا سب سے طاقت ور سسٹم ہے، جو شدت اختیار کر کے ڈیپریشن بن سکتاہے، سسٹم کے اثرات سمندر میں طغیانی کی صورت میں رہیں گے۔میٹرولوجسٹ انجم نذیر نے بتایا ہے کہ سسٹم کے تحت سندھ اور مشرقی بلوچستان کے سمندر میں طغیانی رہے گی، سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیر 27سے 30اگست تک سمندر میں جانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم جنوبی اور مغربی سندھ کو زیادہ متاثر کرے گا، آندھی، ہواوں کے جھکڑ کے ساتھ تیز اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے، کراچی میں سسٹم کے اثرات 26 اگست سے بوندا باندی کی صورت میں نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں 27 سے 29 اگست کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، تیز بارش کے اسپیلز کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے اسپیل میں کراچی میں کچھ مقامات پر زیادہ بارش بھی ہو سکتی ہے، یہ سسٹم بحیرہ عرب میں کراچی کے جنوب تک آئے گا۔