اسلام آباد (محمد صالح ظافر/خصوصی تجزیہ نگار) وزارت خارجہ کے اعلیٰ ترین ذرائع نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے منسوب سوشل میڈیا کے اس پیغام کو فیک قرار دیگر انتہائی گمراہ کن اور ملک دشمنی پر مبنی قرار دیا ہے جس میں جیو ٹی وی کے معروف میزبان شاہ زیب خانزادہ کے جعلی اسکرین شارٹ لگا کر کہا گیاہے کہ ’’پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔ ایٹمی صلاحیت اب نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ملک ابھی بچا لیں بعد میں دوبارہ ایٹمی صلاحیت حاصل کرلیں گے ۔ ‘‘دفتر خارجہ کے ذرائع نے اس پوری خبر کو مکمل جعل سازی قرار دیا ہے اور یاد دلایا ہے کہ جھوٹی اور جعلی خبریں پھیلانا نہ صرف غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے جبکہ یہ قوم کو شدید گزند پہنچانے کے مترادف ہے، یہ ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے غیر ذمہ دارانہ رویے کو مسترد کرے۔ وزارت خارجہ نے اپنا پیغام اس بیان کے ساتھ ختم کیا ہے کہ’’ فیک نیوز کومسترد کردیں‘‘ اس دوران ذرائع نے واضح کیا ہے کہ اس جعلی اور گمراہ کن خبر کے ذریعے قومی وقار اور ملک کے نائب وزیراعظم کی حیثیت پر حرف آرائی کی ناکام اور لائق مذمت کوشش ہے وہاں عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ معاملات کو نقصان پہنچانے کی بھونڈی کوشش ہے۔ یہ کام ملک کا کوئی خیرخواہ نہیں کرسکتا اور یہ سراسر انتہا پسند عناصر کی شرانگیزی ہے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے علاوہ نائب وزیراعظم وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے اپنے اکاوئنٹ سے بھی اس فیک خبر کو اتوار کی شام جاری کیا ہے۔