اسلام آباد ( آن لائن ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ قومی اداروں میں اصلاحات لانے کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں، ہم پاکستان کو دنیا میں معاشی طور پر باوقار ملک بنائیںجس نے ملک کیساتھ غداری کی اسکا انجام بڑابھیانک ہوتا ہے، ماضی میں ملک دو لخت ہوا، ہم نے آدھا حصہ گنوا دیا جنہوں نے ملک کو دولخت کیا ان کا حال بہت برا ہوا۔ تقریب سے خطاب میں نائب وزیر اعظم نے کہا کہ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ پاکستان کو معاشی طور پر بہت نقصان ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ کہا جاتا تھا پاکستان کو بھنور سے نکلنے میں 15سال لگیں گے لیکن نواز شریف کی حکومت میں اللہ کے فضل سے پاکستان کو مشکلات سے نکلنے میں صرف ساڑھے 3سال لگے، دنیا ہماری معیشت کی معترف ہو گئی اور کہا گیا کہ جس طرح پاکستان ترقی کر رہا ہے یہ جلد جی20میں شامل ہوگا۔ اسحٰق ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ہماری کوشش ہے کہ معیشت بحال ہو اور ہم دوبارہ پاکستانیوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا اقدام لائق تحسین ہے جس میں انہوں نے 64ارب روپے مختص کر کے پنجاب کی عوام کو بجلی کے یونٹ میں 14روپے کا ریلیف دیا ہے۔