پشاور(کرائمرپورٹر) پشاور کے مختلف علاقوں پہاڑی پورہ اور ورسک روڈ میں پولیس مقابلوں میں ڈکیتی وراہزنی ودیگر17مقدمات میں مطلوب 3ملزمان زخمی ہوگئے ہیں جنہیں گرفتار کرلیا گیاہے۔ ایس ایچ او پہاڑی پورہ جاوید مروت دیگر نفری کے ہمراہ چمن چوک رنگ روڈ ناکہ بندی پر موجود تھے اس دوران مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیاگیا تاہم انہوں نے پولیس پر فائرنگ کردی جبکہ جوابی فائرنگ میں ایک راہزن زخمی جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت اسماعیل ولد ابرہیم سکنہ پھندو سے ہوئی ہے جس کیخلاف تھانہ پہاڑی پورہ میں 3الگ الگ مقدمات درج ہیں۔ادھرتھانہ مچنی گیٹ کے ایس ایچ او عبداللہ جلال دیگر نفری کے ہمراہ ورسک روڈپر موجود تھے جہاں ان کا مسلح افراد سے فائرنگ کا تبادلہ ہواجس کے نتیجے میں دوملزمان عادل اور ذیشان شانے عرف اسامہ زخمی ہوگئے ۔دونوں ملزمان ڈکیتیوں،راہزنی اور دیگر 14 سنگین مقدمات میں مطلوب تھے ۔دونوں کارروائیوں کے دوران ملزمان سے 5موبائل فونز اور 2پستول بھی برآمد کیے گئے جن سے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔